امریکہ نے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال کے لیے آلات اور سروسز کی مد میں 45 کروڑ ڈالرز کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی وزارتِ دفاع کے اعلامیے کے مطابق امریکہ کی ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے مطلوبہ سرٹیفیکیشن فراہم کر دیے جس کے بعد کانگریس کو اس ممکنہ فروخت کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔اس معاہدے میں پرنسپل کانٹریکٹر امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن ہو گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے ماضی کی طرح ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال اور معاونت کو برقرار رکھنے کی درخواست کی گئی تھی تاکہ پاکستان ایئر فورس کے ایف 16 بیڑے کی معاونت کی جا سکے اور اس حوالے سے مزید عوامل بھی شامل کیے جا سکیں۔
امریکی ساختہ ایف سولہ طیارے پاکستان کی فضائی جنگی صلاحیت کا سب سے اہم حصہ ہیں۔۔پاکستان کے پاس مجموعی طور پر 85 ایف سولہ طیارے ہیں جن میں سے 66 پرانے بلاک 15 طیارے ہیں اور 19 جدید ترین بلاک 52 ہیں۔ اس معاہدے کے تحت امریکی حکومت اور لاک ہیڈ مارٹن کی جانب سے انجنیئرنگ، تکنیکی اور لاجسٹیکل سروسز فراہم کی جائیں گی۔
امریکی وزارت دفاع نے کہا کہ امریکہ کو اتحادی افواج کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں مدد ملے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ممکنہ فروخت پاکستان کے ایف 16 فضائی بیڑے کی دیکھ بھال جاری رکھنے میں مدد کرے گی جس سے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں فضا سے زمین پر مار کرنے کی صلاحیت کو برقرار رکھنے میں معاونت ملے گی۔
style=”display:none;”>