اسلام آباد ( پ ر)کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک نے وزیر خزانہ، ریونیو، اقتصادی امور اور نجکاری ،ڈاکٹر شمشاد اختر سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان میں ورلڈ بینک کے جاری پورٹ فولیو کی مجموعی کارکردگی پر تبادلہ خیال اور جائزہ لیا، اور ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد کے لیے مختلف ترجیحی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر شمشاد اختر نے ورلڈ بینک کی ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ورلڈ بینک کے ساتھ اپنی ترقیاتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنہاسین نے وزیر خزانہ کو جاری پورٹ فولیو پر بریفنگ دیتے ہوئے اشارہ کیا کہ عالمی بینک کی انتظامیہ، وزارت خزانہ، محصولات، اقتصادی امور اور نجکاری کے ساتھ مل کر، نہ صرف جاری پورٹ فولیو کے نفاذ کی کارکردگی کو بہتر بنانے بلکہ غیر ملکی وسائل کی تقسیم کے حجم کو زیادہ سے زیادہ کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے اشارہ کیا کہ مشترکہ کوششوں میں رواں مالی سال یعنی 2023-24 کے دوران تقریباً 2.0 ارب امریکی ڈالر کی تقسیم کا ہدف ہے۔ وزیر خزانہ نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور معیشت کے استحکام کے لیے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔
style=”display:none;”>