حکمران اتحاد نے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اپنے ہی منتخب کئے ہوئے ڈپٹی سپیکر کو گھر بھیج دیا، ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ کے دوران تحریک انصاف اور (ق) لیگ کے186 اراکین نے اپنی رائے کا اظہار کیا،
ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جانچ پڑتال آج ( ہفتہ) کے روز شام 5بج کر 10منٹ تک ہو گی جبکہ ووٹنگ کل ( اتوار) دوپہر ایک بجے ہو گی ،حکمران اتحاد کی جانب سے راولپنڈی سے رکن اسمبلی واثق قیوم کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر کے انتخاب میں کامیاب ہونے کے بعد سبطین خان نے نشست سنبھالتے ہوئے اجلاس کی کارروائی میں آدھے گھنٹے کا وقفہ کیا ۔ اجلاس دوربارہ شروع ہونے پر ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر کارروائی کا آغاز کیا گیا ۔ ڈپٹی سپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت کی قرارداد پر 93 سے زائد اراکین نے کھڑے ہو کر ووٹ دیا جس کے بعد باضابطہ ووٹنگ کا عمل شروع کیا گیا اور اراکین نے خفیہ رائے شماری سے اپنی رائے کا ظہار کیا۔
اپوزیشن کے اراکین کی اکثریت ایوان سے چلی گئی تاہم چند اراکین تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ اور نتائج کی مانیٹرنگ کے لئے ایوان میں موجود رہے ۔ ووٹنگ کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد گنتی کا عمل شروع ہوا اور سردار دوست مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لئے حکمران اتحاد نے 186ووٹوں کی مطلوبہ تعداد حاصل کر لی جس کے بعد سپیکر محمد سبطین خان ین تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ کے نتائج کا باضابطہ اعلان کیا ۔
ڈپٹی سپیکر کے عہدے کیلئے کاغذات نامزدگی آج ہفتہ کے روز سیکرٹری اسمبلی کے دفتر سے شام پانچ بجے تک وصول کئے جائیں گے اور پانچ بج کر 10منٹ پر جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ ووٹنگ اتوار کو دوپہر ایک بجے ہو گی۔ حکمران اتحاد کی جانب سے واثق قیوم کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے ۔
style=”display:none;”>