لاہور ہائی کورٹ نے وزیر اعلٰی پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے اقدام کے خلاف پرویز الہی کی درخواست سماعت کے لئے منظور کر کے جسٹس عابد عزیز کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ تشکیل دے دیا ہے۔
جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں لارجر بنچ آج ہی سماعت کرے گا۔ بنچ میں جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس مزمل اختر شبیر ،جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس چودھری محمد اقبال شامل ہیں۔
چودھری پرویز الہی نے گورنر کی طرف سے انہیں ڈی نوٹیفائی کرنے کے اقدام کولاہور ہائیکورٹ چیلنچ کیا تھا۔ عدالت عالیہ میں درخواست چودھری پرویز الہی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ گورنر نے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے وزیراعلی کو خط لکھا ہی نہیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ خط سپیکر کو لکھا گیا وزیراعلی کو نہیں۔
مزید یہ کہ جب اسمبلی کا ایک اجلاس جاری ہو تو اس کے دوران گورنر دوسرا اجلاس طلب نہیں کر سکتے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ گورنر کو اختیار نہیں کہ وہ غیر آٸینی طور پر وزیر اعلی کو ڈی نوٹیفاٸی کر سکیں۔ چودھری پرویز الہی نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ گورنر پنجاب کے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔
style=”display:none;”>