وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہےکہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصانات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہماری اتحادی حکومت نے وفاق کی جانب سے فراہم کی جانے والی 28 ارب روپے کی گرانٹ کو بڑھا کر 70 ارب روپے کر دیا ہے۔ پاکستان کو سیلاب کی تباہ کاریوں کی صورت میں جس بڑے چیلنج کاسامنا ہے اس کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری قوم کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔
ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر سیلاب متاثرین کا ہاتھ تھامنا ہے۔ قمبر شہداد کوٹ میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں اور مسلح افواج کے ساتھ مل کر اس آفت کا مقابلہ کرنے کے لئے مربوط اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ صوبوں کو مزید گرانٹ این ڈی ایم اے سے مشاورت کے بعد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب سمیت گلگت بلتستان کے تمام متاثرہ علاقوں میں 25 ہزار روپے فی خاندان دئیے جا رہے ہیں۔ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ امدادی رقوم میرٹ، انصاف اور شفافیت کی بنیاد پر تقسیم کی جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قمبر شہداد کوٹ ان شدید متاثرہ علاقوں میں شامل ہے جہاں چاول کی فصل مکمل طور پر تباہ ہوئی اور کچے مکانات زیر آب آئے۔
متاثرہ علاقوں میں 7 لاکھ خیموں کے لئے آرڈر دے دیا گیا جو جلد پہنچ جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے برادر اور دوست ممالک مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ متحدہ عرب امارات، ترکیہ، قطر اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی جانب سے امدادی اشیاء خصوصاً خیمے اور خوراک کی ترسیل جاری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن سمیت متاثرین کے لئے قائم کیے گئے امدادی کیمپس میں مسلح افواج کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔
style=”display:none;”>