تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کردہ ٹویٹ میں احتجاج کا اعلان کیا گیا۔ ٹویٹ کے مطابق آج دوپہر 2 بجے کارکنان کو اسلام آباد کے سیکٹر ایچ الیون میں موجود پولیس لائنز کی عمارت کے باہر جمع ہونے کا کہا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتاری کے بعد پولیس لائنز میں ہی رکھا گیا ہے۔
گزشتہ روز عمران خان کے وکیل شیرعالم خان نے دعویٰ کیا تھا کہ پولیس لائنز کے اندر جہاں پر عارضی طور پر عدالت قائم کی گئی تھی وہاں پر پولیس کے بجائے فوجی اہلکاروں کی ایک قابل ذکر تعداد کو تعینات کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا عمران خان نے کمرہ عدالت میں انہیں بتایا کہ انہیں رات سونے نہیں دیا گیا۔ ساری رات سڑکوں پر گھماتے رہے اور چار بجے کے قریب ایک گندے سے کمرے میں بند کر دیا گیا۔ انہیں زمین پر بچھانے کیلئے کوئی چادر بھی نہیں دی۔