کراچی(الاخبار مانیٹرنگ رپورٹ) گزشتہ ہفتے کےدوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق غیرملکی قرضوں کی ادائیگی کی وجہ سے گزشتہ ہفتہ کے دوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کا حجم 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کم ہوگئے، جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر 4 ارب 31 کروڑ 19 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ 12 مئی کو زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 9 ارب 93 کروڑ 75 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 62 کروڑ 56 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔
جبکہ دوسری جانب پاکستان کو رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں بیرونی امداد میں 8 ارب 12 کروڑ ڈالر حاصل ہوسکے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے دس ماہ میں 13 ارب ڈالر غیر ملکی امداد ملی تھی۔
اقتصادی امور ڈویژن نے اپریل 2023 تک غیر ملکی امداد کی ماہانہ رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں 22 ارب 65 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی امداد کا اندازہ لگایا گیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں ایشیائی ترقیاتی بینک سے 1 ارب 97 کروڑ ڈالر کا قرض ملا جبکہ عالمی بینک نے ایک ارب 17 کروڑ ڈالر کا قرض دیا ہے، اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے ایک ارب 16 کروڑ ڈالر کا قرض دیا۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا اپریل سعودی عرب سے آئل سہولت کے تحت 98 کروڑ ڈالر کی امداد ملی، دس ماہ میں کمرشل بینکوں سے 90 کروڑ ڈالر قرض لیا گیا جبکہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس سے 67 کروڑ 72 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔