کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ وہ اپنے مادر وطن پر غیر قانونی بھارتی قبضے کو مسترد کرتے ہیں اور حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
آج مقبوضہ جموںوکشمیر میں مکمل ہڑتا ل ہے ۔بھارتی فوجیوں نے 27 اکتوبر 1947 کوتقسیم برصغیر کے فارمولے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر حملہ کرکے کشمیری عوام کی امنگوں کے برعکس اس پر غیر قانونی طورپرقبضہ کیاتھا۔
اس موقع پرصدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم سیاہ کے موقع پر کشمیریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑا رہے گا چاہے کوئی بھی قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔
انہوں نے کشمیریوں کو یقین دلایا کہ ہم دنیا کے سامنے آپ کی آواز بنیں گے۔ ہماری حمایت اور یکجہتی برقرار ہے۔ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت کا جائز حق نہیں مل جاتا اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کا واحد حل اس بات کو یقینی بنانے میں مضمر ہے کہ کشمیریوں کو ان کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اقوام متحدہ کے مینڈیٹ، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری عمل کے ذریعے اپنے حق خودارادیت کو استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔
کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امور کشمیر وگلگت بلتستان کے مشیر قمر زمان نے کہا کہ کشمیر کے بہن ،بھائی 75سال سے اپنے حقوق کی جنگ لڑرہےہیں۔بھارتی ظلم کے سامنے کشمیر کے عوام کا جذبہ مزید مضبوط ہوا ہے۔
وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ کشمیر کی آزاد ی تک کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی۔پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی،سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
اس سے قبل کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ کے حوالے سے وزارت خارجہ سے ریلی کا انعقاد ہوا۔ ریلی کے آغاز پر وزیر مملکت خارجہ نے وزارت خارجہ میں چنار کا پودا لگا یا جو کشمیر ی نسلوں کی علامت ہے جو بھارتی قبضے میں اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔
اس موقع پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ملی نغمہ بھی جاری کیا گیا۔ اس کے بعد ریلی اپنی منزل ڈی چوک کی جانب روانہ ہوئی ۔ ریلی کے شرکاء نے میں کشمیر ہوں اور کشمیر بنے کا پاکستان کے نعرے لگائے۔
بھارت نے غیر قانونی طور پر زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میں پانچ اگست دو ہزار انیس کو یکطرفہ اقدام اٹھایا۔ جس کے بعد سے کشمیریوں کی تحریک آزادی میں نیا جوش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر یوم سیاہ کے موقع پر کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
style=”display:none;”>