وفاقی کابینہ نےسپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں خصوصی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے جو ذمہ داروں کے خلاف کمیشن کی رپورٹ پرکارروائی کی سفارش کرے گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریف کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ کابینہ نے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور صوبائی حکومتوں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال میں افواج پاکستان، پولیس، پی ڈی ایم اے، این ڈی ایم اے سمیت تمام اداروں کی کاوشوں کو سراہا گیا ہے۔کابینہ نے تمام امدادی اداروں کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور لوگوں کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اطلاعات نے بتا یا کہ عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد وزیراعظم نے پٹرول کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا۔ کابینہ نے ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے لئے مکمل مانیٹرنگ کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ اس کمی کا پورا فائدہ عوام مل سکے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس طرح ہم نے مشکل فیصلے کئے، اب عالمی منڈی میں کمی آئی ہے تو اس کا فائدہ عوام کو منتقل ہونا چاہئے۔ا نہو ں نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی اسی وعدے کا تسلسل ہے جو وزیراعظم شہباز شریف نے عوام سے کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق حکومت نے اپنے سیاسی مقاصد کے لئے معاشی اور بارودی سرنگیں بچھائیں۔آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی۔جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے جا رہی ہے تو انہوں نے اس معاہدے کی خلاف ورزیاں کیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے اس معاہدے کو بحال کیا، اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے ایسا بجٹ پیش کیا جس میں عام آدمی کو ریلیف مل رہا ہے۔موجودہ بجٹ ایسا بجٹ ہے جو ملک کو خودمختاری کی طرف لے جا رہا ہے۔
style=”display:none;”>