وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں میرے داخلے پر پابندی لگی تو گورنر راج کیلئے یہ جواز کافی ہو گا، ملک کے سب سے بڑے صوبے میں گورنر راج کی سمری پر کام شروع کر دیا ہے۔وہ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے بعد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امن وا مان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے اسلام آباد پولیس کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر مسلح چڑھائی کرنے والوں کو پولیس اوررینجرز کی مددسے ناکام بنایا۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ
ایف سی کو اینٹی رائٹ فورس کا درجہ دے کر پولیس کا حصہ بنایا گیا ہے، اس سال 2ہزار ایف سی کے جوانوں کو ٹریننگ دی جائے گی۔ وزیرداخلہ نے اعلان کیا کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابرکردی گئی ہیں اس کے علاوہ ایف سی کے جوانوں کو راشن الاؤنس بھی دیا جائے گا۔