وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح نو بجے وزیر اعظم ہاؤس میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں رولز آف بزنس میں ترامیم منظور کرنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادی جماعتوں کو یہ خدشہ ہے کہ پاک فوج میں تعیناتیوں کے لئے وزیر اعظم کی طرف سے بھیجی جانے والی سمری کی منظوری میں صدر عارف علوی رکاوٹ پیدا کر سکتے ہیں جس سے تعیناتیوں میں آئینی بحران پیدا ہو سکتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہہ چکے ہیں کہ صدر اور میں نے فیصلہ کیا ہے ہم قانون کے اندر رہ کر کھیلیں گے، جو بھی کریں گے آئین اور قانون کے بیچ میں رہے گا۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ صدر عارف علوی ان کے ساتھ رابطے میں ہیں، صدر عارف علوی اہم تعیناتی کی سمری پر مجھ سے مشورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پاک فوج کی طرف سے وزارت دفاع کو چھ افسروں کے ناموں پر مشتمل سمری وزیر اعظم ہاؤس کو موصول ہو چکی ہے جن میں سے وزیر اعظم اپنی صوابدید کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف تعینات کریں گے۔
ادھر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک فوج کے دو اہم عہدوں پر تقرریاں 28 نومبر تک ہوجائیں گی، اگر صدر مملکت نے تقرری کے معاملے پر رکاوٹ ڈالی تو ہمارے پاس پلان بی بھی موجود ہے۔ ایک انٹرویومیں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کا تقرر 27 سے پہلے ہوجائے گا جبکہ دونوں تقرریاں دو مختلف دن بھی ہو سکتی ہیں امید ہے کہ 28 نومبر تک سارا پراسس مکمل ہو جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر صدر مملکت نے آرمی چیف کے تقرر کے معاملے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو ہمارے پاس پلان بی بھی موجود ہے۔لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کی 27 نومبر کو ریٹائرمنٹ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اس کا حل بھی ہمارے پاس موجود ہے۔
ادھر حکومتی اتحادی جماعتوں نےآئینی تقرریوں کا اختیار وزیر اعظم کو دے دیاہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوا ۔ وزیر اعظم ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس آئینی تقرریوں کے حوالے سے ایک نکاتی ایجنڈے پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام اتحادی جماعتوں نے آئینی تعیناتیوں کے حوالے سے فیصلے کا اختیار وزیراعظم شہباز شریف کو سونپ دیا۔
اتحادی جماعتوں کے سربراہوں نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم آپ جو بھی فیصلہ کریں گے، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سابق صدر اور شریک چیئرمین پی پی پی آصف علی زرداری نےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ وزیر اعظم ہیں اور آئین نے یہ اختیار اور استحقاق آپ کو سونپا ہے۔
مشاورت کرنے پر اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مکمل اعتماد کا اظہار کرنے پر اتحادی جماعتوں اور ان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
style=”display:none;”>