اسلام آباد( الاخبار مانیٹرنگ) چین نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں منعقد کرائے جانے والے جی ٹونٹی ممالک کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کااعلان کیا ہے ۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وینگ وینبن نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ چین اس قسم کے اجلاس کسی متنازعہ علاقے میں منعقد کرانے کا شدید مخالف ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے جی ٹونٹی ممالک کا سیاحت سے متعلق تین روزہ اجلاس جو بائیس مئی کو شروع ہو کر چوبیس مئی تک جاری رہے گا، مقبوضہ کشمیر میں منعقد کرانے کا اعلان کر رکھا ہے اور پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے اس اجلاس کے خلاف مسلسل تین روزہ احتجاج کا سرکاری طور پر اعلان کیا ہوا ہے۔بھارت نے گزشتہ روز جاری کئے جانے والے ایک بیان میں مسلسل ہٹ دھرمی جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہی اجلاس منعقد کرائے گا۔