برطانیہ کے بھارتی نژاد بر سیاستدان رشی سونک کنزرویٹیوپارٹی کے بلامقابلہ سربراہ منتخب ہوگئے جس کے بعد ان کے برطانیہ کا وزیر اعظم منتخب ہونے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ پارٹی سربراہی ملنے کے بعد رشی سونگ برطانیہ کے وزیراعظم ہوں گے اور وہ پہلے ایشیائی نژاد برطانوی وزیراعظم ہوں گے۔پنجابی ماں باپ کی اولاد رشی سُونک برطانیہ کے وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں۔
کنزر ویٹیو پارٹی کی سربراہی کی دوڑ میں رشی سونک اور پینی مورڈنٹ شریک تھے تاہم پینی مورڈنٹ مطلوب 100 ٹوری ارکان پارلیمنٹ کی حمایت حاصل نہ کرسکیں جس کے بعد وہ دوڑ سے دستبردار ہوگئیں۔ پارٹی کے ریٹرننگ آفیسر نے بھی 42 سالہ رشی سونک کے بلامقابلہ سربراہ منتخب ہونے کا اعلان کیا۔ رشی سونک برطانیہ کے 57 ویں وزیراعظم ہوں گے اور وہ گزشتہ تین ماہ کے دوران برطانیہ کے تیسرے وزیراعظم بنیں گے۔
رشی سونک کے والد ڈاکٹر اور والدہ فارماسسٹ تھیں اور دونوں کا تعلق بھارتی پنجاب سے تھا۔رشی سونک ’انفوسس‘ کے بانی این آر نارائن مورتی کے داماد ہیں، رشی سونک کی اہلیہ اکشتا مورتی برطانیہ کی امیر ترین خواتین کی فہرست میں شامل ہیں۔
برطانوی وزیراعظم لز ٹرس نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور وہ صرف 45 روز ہی عہدے پر رہیں۔
style=”display:none;”>