برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کنزرویٹو پارٹی میں اپنے خلاف بغاوت ہو جانے کے باعث وزارت اعظمی اور پارٹی کی قیادت سے مستعفی ہو رہے ہیں تاہم وہ اس سال خزاں تک وزیر اعظم کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بورس جانسن نے کہا کہ سیاست میں کوئی بھی ناگزیر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب تک مستعفی ہونے کے مطالبے کی اس لیے مخالفت کرتے رہے ہیں کہ انہیں لاکھوں لوگوں نے ووٹ دیئے تھے اور اس عہدے پر قائم رہنا ان کی ذمہ داری ہے۔ اکتوبر میں پارٹی کی سالانہ کانفرنس میں نیا پارٹی سربراہ منتخب ہونے تک جانسن اپنے عہدے پر رہیں گے۔