ژوب( الاخبار مانیٹرنگ) بلوچستان کےضلع ژوب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر خود کش حملے میں 6 افراد زخمی ہوگئے، امیر جماعت اسلامی حملے میں محفوظ رہے جبکہ حملہ آور مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ژوب میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے قافلے پر نامعلوم مسلح شخص نے گاڑی کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ اس دوران اطراف کی 4، 5 گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا، وا قعہ کے بعد مقامی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیر ے میں لے لیا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حا لت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ سراج الحق کے قافلے پر خود کش حملہ کیا گیا ہے، حملہ آور مارا گیا ہے۔ترجمان جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کہا کہ ژوب میں استقبالیہ جلوس میں خود کش دھماکا ہوا، سراج الحق اور دیگر کارکن محفوظ رہے ہیں۔ترجمان جماعت اسلامی بلوچستان عبدالولی شاکر نے کہا کہ ژوب میں استقبالیہ جلوس میں خودکش دھماکا ہوا ہے۔ جماعت اسلامی کا ژوب میں جلسہ تھا، جس سے سراج الحق نے خطاب کرنا تھا۔