آسٹریلیا میں جاری آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ٹورنامنٹ کا دوسرا بڑا اپ سیٹ ہوا ہے اور سکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 42 رنز سے شکست دے دی۔
نوآموزسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورزمیں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور بنائے اور ویسٹ انڈیزکی ٹیم کو 161 کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ساری ٹیم صرف 118 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کرسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، سکاٹ لینڈ کے اوپنرز کی جانب سے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا گیا۔
ٹورنامنٹ کے پہلے روز ایونٹ کے افتتاحی میچ میں نمیبیا نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ میچز کھیلے جارہے ہیں، ٹورنامنٹ کے لیے کُل 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے کے اختتام پر چار ٹیمیں مین راؤنڈ سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی، سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہو گا۔
پہلے راؤنڈ میں نمیبیا، نیدر لینڈز، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) گروپ اے جب کہ آئر لینڈ، زمبابوے، ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ گروپ بی میں شامل ہیں۔