‘پیڈا ایکٹ’ کے تحت فکس کریں گے ‘ فیاض الحسن کی میڈیا سے گفتگو
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے میڈیا ایڈوائزر و ممبر صوبائی اسمبلی فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ آئین اور قانون پڑھے بغیر الٹی سیدھی باتیں کر رہے ہیں، گورنر صدر مملکت کی منظوری کے بغیر اسمبلی نہیں توڑ سکتا، جب تک اسمبلی کا چلنا غیر آئینی ثابت نہیں ہوتا گورنر اسمبلی نہیں توڑ سکتا، جن پولیس اور دیگر افسران نے شاہ سے زیادہ شاہ سے وفاداری دکھاتے ہوئے ظلم اور جبر کے پہاڑ توڑے ان سب کو پیڈا ایکٹ کے تحت فکس کریں گے،
پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں گورنر راج کے حوالے سے دو شقیںہیںایک گورنر راج اور دوسرا گورنر کے اسمبلیاں توڑنے کے بارے بتاتا ہے ،گورنر پندرہ دن کے اندر سمری سپریم کورٹ کے سامنے پیش کرے گا جو صدر کی منظوری سے جائے گی ،سپریم کورٹ تیس دنوں میں فیصلہ کرے گی کی ریفرنس درست آیا ہے یا غلط آیا ہے ،اس پورے عمل میں رانا ثنا اللہ کی وزارت داخلہ کا کوئی ذکر نہیں۔
انہو ں نے کہاکہ مریم نواز سپریم کورٹ سے طے شدہ ملزمہ ہیں اور سپریم کورٹ سے ہی ضمانت پر ہیں ،مریم نواز نے ایسے لوگوں کو ساتھ بٹھایا جن کا پنجاب اور یہاں کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں ان کے خلاف توہین عدالت کا کیس چلایا جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اپریل میں اسی اسمبلی کے اندر اور باہر سے ایک تحریک کا آغاز ہو تھا جو رجیم چینج کا پارٹ ٹو تھا، ہم نے ان چار مہینوں میں جو جدوجہد کی ہے وہ ہمار ی طرف سے سنہری اور مسلم لیگ( ن) اور اتحادیوں کی طرف سے سیاہ تاریخ تھی، اراکین اسمبلی کو پولیس کے ذریعے مارا پیٹا گیا، سپیکر اسمبلی کو مارا گیا خواتین کومارا گیا،اراکین پر جھوٹے مقدمات درج کیے گئے، مجھ سمیت دیگر افراد پیشیاں بھگتتے رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ 25مئی کو ایک اور سیاہ تاریخ لکھی گئی ، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت سب کو سڑکوں پر مارا گیا،زائد المیعاد آنسو گیس کے شیل پھینکے گئے، چادر چار دیواری کو پامال کیا گیا اور(ن) لیگ اور آل شریف نے اپنی ناجائز حکومت کو برقرار رکھنے کے لیے سیاہ تاریخ رقم کی تھی،سترہ جولائی اور بائیس جولائی کی کامیابی کے بعد جو کامیابی ہمیں ملی ہے اس تمام جدوجہد کو اپنے قائد عمران خان کے نام کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے پاکستان کی سربلندی اور بقا ء کی خاطر ساڑھے چار مہینے قربانیاں دی ہیں ،عمران خان نے ساڑھے چار ماہ عوام کو ایک قوم بنایا ہے اور میر کارواں ہونے کا ثبوت دیا ،آج تک جتنی کامیابی ملی ہے چوہدری پرویز ا لٰہی کو بھی خراج تحسین پیش کروں گا،میں نے اس پورے کرائسز کے اندر جو جرات پرویز الٰہی میں دیکھی انہوں نے اپنے مخالفین کو زچ کیے رکھا،چوہدری پرویز الٰہی نے حمزہ شہباز کی ہر حرکت کا آئین اور قانون کے مطابق جواب دیا۔
style=”display:none;”>