کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں پولیس اہلکاروں کے ٹرک کے قریب دھماکے میں دو افراد جاں بحق جبکہ 24 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق بم دھماکہ بدھ کی صبح کوئٹہ کے نواحی علاقے بلیلی میں ہوا۔ ٹرک میں بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار سوار تھے جو انسداد پولیو ٹیم کی ڈیوٹی کے لیے جا رہے تھے۔
ڈی آئی پولیس کوئٹہ اظفر مہیسر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 20 کے قریب پولیس اہلکار اور چار شہری زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھماکہ خودکش تھا جس میں 25 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکار انسداد پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے لیے جا رہے تھے۔
ڈی آئی جی اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے جن میں ایک پولیس اہلکار اور راہگیر شامل ہے۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔ سول ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے دواموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 24 زخمیوں کو سول ہسپتال لایا گیا ہے جن میں پولیس اہلکار اور سویلین بھی شامل ہیں۔ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ کے مطابق ٹرک میں سوار اہلکار پولیو ڈیوٹی کے لیے جارہے تھے، جبکہ پولیو ٹیم کی گاڑیاں ابھی یہاں سے گزرنا تھیں۔
دھماکے کے بعد ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی،اہلکاروں کے علاوہ دیگرزخمیوں میں شہری شامل ہیں۔ دھماکے کی زد میں آ کر قریب سے گزرنے والی گاڑی میں موجود خاتون بھی زخمی ہوئی جبکہ اردگرد کی دوسری گاڑیوں کوبھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے فوری بعد کوئٹہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے طبی عملے کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کے بہترین علاج کی ہدایات جاری کی ہیں۔
style=”display:none;”>