جیل تو کیا جان دینے کے لئے بھی تیار ہوں :- عمران خان
کپتان ایسی منحوس باتیں مت کیا کریں، ایسا کچھ نہیں ہونے لگا اور جب ایسا نہ ہؤا تو آپ پر مہربان میڈیا نے اس کو بھی آپ کا یو ٹرن قرار دے دینا ہے- آپ سے گلہ کرنا ہے، زندہ کیوں ہیں، آپ نے تو جان دینی تھی۔ (خبصرہ)
مرنے کے بعد آئین سٹائین کا دماغ چوری ہو گیا تھا :- تازہ انکشاف
مرنے کے بعد چوری ہؤا تو کیا ہؤا، ہمارے ہاں تو زندوں کے ساتھ ایسی وارداتیں ہو رہی ہیں۔ یقین نہیں آتا تو ایوانِ زیریں، ایوانِ بالا۔ بلکہ کسی بھی ایوان کی جانچ کروا لیں ، زیادہ نہیں تو آرام سے دس بیس تو ایسے نکل ہی آئیں گے جن کی کھوپڑیوں سے دماغ، گدھے کے سر سے سینگ کی طرح غائب ہوں گے۔ (خبصرہ)
دی لیجنڈ آف مولا جٹ آج سے پاکستان کے تمام سینما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کی جا رہی ہے :- ایک خبر
ہم تو پچھلے چالیس پچاس سال سے یہ فلم، اسلام آباد کے ریڈ زون میں دیکھ رہے ہیں، کبھی یہ لیجینڈ بھٹو ہوتا ہے، کبھی بینظیر، کبھی نواز شریف اور کبھی عمران خان۔ ویسے جب ڈائس پر شہباز شریف مکے مار کے مائیک گراتے ہیں تو احساس ہوتا ہے وہ بھی کسی سے کم نہیں۔ (خبصرہ)
فوج نے خود کو سیاست سے دور کر لیا ہے :- جنرل باجوہ
بس اب سیاستدانوں کے فیصلہ کرنے کی دیر ہے، جیسے ہی وہ خود کو فوج سے دور کریں گے، پاکستان کے سارے مسئلے خود بخود حل ہو جائیں گے (خبصرہ)
میں شاعر نہیں ہوں :- صدر مملکت عارف علوی
جناب آپ کو شاعری کی کیا ضرورت ہے۔ آپ کی تو نثر اس ہائے کی ہے کہ آپ کو اپنے ہر بیان کی تشریح کرنی پڑتی ہے۔ یہ الگ بات کہ آپ کی تشریح عوام تک نہیں پہنچتی، ان تک صرف تجزیہ کاروں اور میڈیا کی تشریح پہنچتی ہے جو ظاہر ہے آپ کی تشریح سے یکسر مختلف ہوتی ہے۔ (خبصرہ)
امریکی صدر بننے میں دلچسپی ختم ہو گئی ہے :- ڈوین جانسن
شنید ہے ایسا ہی اک بیان عنقریب قوم مولانا فضل الرحمان کے منہ سے بھی سنے گی۔ (خبصرہ)
موسمیاتی تبدیلیاں اور پانی کا بحران ذہنی تناؤ کا باعث بن رہا ہے:- جدید تحقیق
ہم ایویں مہنگائی ، بے روزگای ، بجلی ، پٹرول ، چینلز ، اینکرز ، سیاستدانوں اور بیگم کو موردِ الزام ٹھہرائے بیٹھے تھے۔ (خبصرہ)
style=”display:none;”>