اسلام آباد کیپیٹل پولیس میں 1668 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے لئے درخواستوں کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جس میں کل 1 لاکھ 41 ہزار 739 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں 6092 خواتین، ایک لاکھ 07 ہزار 526 مردوں اور 28 ہزار 121 خواجہ سرائوں نے بھرتی کے لئے درخواستیں دیں، تمام امیدواروں سے درخواستیں آن لائن وصول کی گئیں، سب سے زیادہ درخواستیں صوبہ پنجاب سے موصول ہوئیں۔
تمام درخواستوں کی سکروٹنی جاری ہے، جس کے مکمل ہونے کے بعدجسمانی ٹیسٹوں کا آغاز ہو گا، بھرتی کے سلسلہ میں 2816 سوالات پر امیدواروں کی رہنمائی کی گئی اور ان کو حل کیا گیا، بھرتی کے لئے امیدواروں کی آسانی کے پیش نظر تمام صوبہ جات کے مختلف ڈویژنز میں بھرتی سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔
بھرتیوں کے عمل کو مکمل شفاف اور میرٹ پر کرنے کے لئے آئی جی نے اپنی زیر نگرانی سینئر پولیس افسران پر مشتمل محکمانہ ریکروٹمنٹ بورڈ تشکیل دیا گیاہے جو مطلوبہ معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔