نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) وائٹ ہاؤس کی دیوار سے ٹرک ٹکرانے والے 19 سالہ ملزم کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ صدر کو قتل اور حکومت پر قبضہ کرنا چاہتا تھا۔
این بی سی کے مطابق منگل کو عدالت کی جانب سے جاری ہونے والی دستاویز کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ وہ نازیوں سے متاثر ہے۔
خفیہ ایجنسی کی طرف سے عدالت میں جمع کرائے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ سائی وارشتھ کنڈولا نامی لڑکے کا تعلق میسوری کے علاقے چیسٹر فیلڈ سے ہے۔ وہ پیر کو ڈولیس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا اور اسی رات ٹرک کرائے پر حاصل کربکے یہ کاروائی کی ۔اسی بیان میں ایک کریمنل شکایت بھی شامل ہے جس میں کنڈولا پر ایک ہزار ڈالر سے زائد کی پراپرٹی کو ضائع کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے
عدالتی دستاویز کے مطابق پیر کی رات تقریباً نو بج کر 35 منٹ پر وہ ٹرک لے کر وائٹ ہاؤس کے باہر لگے بیریئر کے بالکل قریب پہنچا اور اس کو ٹکر مار دی جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے اس کو حراست میں لے لیا۔ خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے کنڈولا سے بیگ میں موجود جھنڈے کے بارے میں پوچھا تو اس نے بتایا کہ یہ نازیوں کی علامت ہے اور وہ اس کے رول ماڈل ہیں ۔ اس نے نازیوں کی آمرانہ فطرت اور ون ورلڈ آرڈر کی تعریف کی اور ہٹلر کو ایک مضبوط رہنما قرار دیا۔
کنڈولا نے مبینہ طور پر حکام کو بتایا کہ وہ چھ ماہ سے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا جس کی تفصیل ایک گرین بک میں محفوظ ہے