وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے مذاکرات ہوں گے اور نہ ہی انہیں این آر او ملے گا۔ انتخابات اگست 2023 میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے سربراہ عدلیہ کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہیں خود سکون کی گولی کھا کر پاکستانی عوام کو آرام کرنے دینا چاہئے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان چار سال تک کہاں تھے جب ان کے پاس اقتدار تھا،وہ اس دوران عوام کی خدمت کرتے اور وہ عوام کو ریلیف دے سکتے تھے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج عوام ان سے سوال پوچھتے ہیں کہ چار سال آپ نے عوام کے لئے کیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان آج کہتے ہیں مجھے دو تہائی اکثریت چاہئے لیکن وہ خود پچھلے چار سال میں کوئی منصوبہ عوام کو نہیں دے سکے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی ناکامی کا اعلان کرنے کے لئے روزانہ ٹی وی پر آتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ان کا احتجاج پرامن تھا تو کیوں تشدد کیا، کیوں پولیس اہلکار شہید ہوئے، املاک کو کیوں نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے انہیں ایچ نائن جلسے کی اجازت دی یہ وہاں اپنی جلسی تک نہیں کر سکے ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے تمام جماعتوں نے احتجاج کئے لیکن کبھی کسی کو نقصان نہیں پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے پچھلے دھرنے میں پی ٹی وی پر حملے کر کے مبارکبادیں دیں اور جب اقتدار میں آئے تو سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں۔
ان کا کہنا تھا اسلحہ جمع کر کے احتجاج کرنا کوئی جمہوری حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ دھاوا بولیں گے، املاک کو نقصان پہنچائیں گے تو آپ کو احتجاج کا کوئی حق نہیں۔ آپ سو سال تیاری کریں یا جھوٹ بولیں اب عوام آپ کے ساتھ نہیں ہیں۔
style=”display:none;”>