اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ سچ چھپتا نہیں ہے، بے شک کوئی کچھ بھی کہہ لے ایف آئی اے قانون کے مطابق ہی کارروائی آگے بڑھا سکتا ہے ۔ صحافیوں کے خلاف مقدمات اور ہراساں کئے جانے کے خلاف درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ صحافی کو آداب کا خیال بھی رکھنا چاہیے لیکن ایف آئی اے نے دیکھنا ہے کہ کارروائی بنتی بھی ہے یا نہیں۔اینکر پرسن سمیع ابراہیم اپنے وکیل کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کی ججمنٹ کی روشنی میں کارروائی کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اس عدالت کے خلاف بھی پروگرام کئے گئے، ادارے اتنے کمزور نہیں ہیں۔ چیف جسٹس نے ایف آئی اے سے کہا کہ وہ قانون کے مطابق عدالت کو مطمئن کرے۔ عدالت نے سماعت 20 ستمبر تک کے لئے ملتوی کر دی۔