سینیٹ نے قومی احتساب آرڈینینس اور الیکشن ایکٹ ترمیمی بل اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سینیٹ میں نیب ترمیمی بل پیش کیا جب کہ مرتضیٰ جاوید عباسی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پیش کیا جنہیں ایوان نے اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔
چیئرمین سینیٹ نے سوال کیا کہ انتخابات ترمیمی بل کو کمیٹی کے سپرد کروں یا ابھی پاس کرانا ہے؟ اس پر اعظم نذیر نے کہا کہ یہ وہ بل ہے جسے سینیٹ کمیٹی نے منظورکیا تھا، سمندرپارپاکستانیوں کے ووٹ کا حق واپس نہیں لیا گیا، الیکشن کمیشن کوکہا ہے کہ سیکریسی کو نظر رکھ کر ووٹ کا حق ڈالنا یقینی بنائیں۔ اعظم نذیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن یقینی بنائے کہ سمندرپارپاکستانیوں کا ووٹ پڑے۔
سینیٹ میں دونوں بل کی منظوری کے موقع پر پی ٹی آئی اراکین نے شدید مخالفت کی اور چیئرمین سینیٹ کے ڈائس پر آکر احتجاج کرتے ہوئے امپورٹڈ حکومت کے نعرے لگائے۔ اس پر اعظم نذیر نے بتایا کہ شبلی فراز اور اعظم سواتی اس کمیٹی میں تھے جہاں یہ بل منظور ہوا۔
واضح رہے کہ ان بلوں کی قومی اسمبلی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے اور اب یہ صدر مملکت کے دستخط کے بعد قانون کا درجہ اختیار کر لیں گے۔
style=”display:none;”>