وزیراعظم محمدشہبازشریف نے پاکستان میں سیلاب کے حوالے سے ریکوری ،بحالی و تعمیرنوفریم ورک کااجراء کردیاہے۔ منصوبہ بندی وترقی اور خصوصی اقدامات کے بارے میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس حوالے سے فور آر ایف رپورٹ کی کاپی وزیراعظم کوپیش کی۔
وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو بتایا کہ یہ دستاویز ماحولیاتی تبدیلی کے باعث آنے والے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بعدبحالی اور تعمیرنو کاجامع ایکشن پلان ہے۔ دستاویز، تباہی اور نقصانات کے تخمینے کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے جس کا اجراء اکتوبر میں ہواتھا۔
احسن اقبال نے بتایاکہ رپورٹ میں ماحولیاتی تبدیلی نمٹنے کے لئے قلیل ،وسط اور طویل المدت حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے جامع فریم ورک کو اپنانے پر وزارت منصوبہ بندی ،ترقیاتی شراکت داروں، متعلقہ وزارتوں ،این ڈی ایم اے اورصوبائی حکومتوں کوخراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے وفاقی وزیر احسن اقبال اوران کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا ۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ 9 جنوری 2023 کو سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہونے والی آئندہ ترقیاتی کانفرنس میں اس فریم ورک کو موثر بنانے کے لیے ضروری کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ وزارت منصوبہ بندی وزارت خارجہ، وزارت موسمیاتی تبدیلی اور اقتصادی امور کے ڈویژن کے ساتھ مل کر دستاویز کی اندرون و بیرون ملک تمام اسٹیک ہولڈرز تک مؤثر ترسیل کے لیے ضروری اقدامات کرے۔
style=”display:none;”>