وزیراعظم محمد شہباز شریف کل سےقطر کا دو روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔ دورے کی دعوت قطر کے امیر قطرشیخ تمیم بن حمد الثانی نے دی ہے۔ منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف کا قطر کا یہ پہلا دورہ ہے۔ کابینہ کے اہم ارکان سمیت ایک اعلیٰ سطح وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہو گا۔
فریقین باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ توانائی ، تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور قطر میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع تلاش کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
وزیراعظم دوحہ میں قطری اور پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور دوحہ میں فٹ بال سٹیڈیم کا دورہ بھی کریں گے جہاں انہیں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے قطر کی حکومت کی جانب سے کی گئی وسیع تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔
پاکستان اور قطر کے درمیان خوشگوار برادرانہ تعلقات ہیں، جن کی جڑیں باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔ یہ تعلقات دو طرفہ دلچسپی کے تمام شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر قریبی ہم آہنگی سے جڑے ہوئے ہیں۔ قطر میں موجود دو لاکھ سے زائد پاکستانی دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
style=”display:none;”>