وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے حکم پر خیبرپختونخوا میں 40 روپے فی کلو آٹے کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ 13 جون تک موبائل سٹورز کی تعداد بڑھا کر 200 کر دی جائے گی۔ وزیراعظم کے خیبر پختونخوا کے عوام سے سستے آٹے کی فراہمی کا وعدہ پورا ہونے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بدھ کے روز ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ صوبے میں ‘شہباز سپیڈ’ سے سستے آٹے کی عوام کو فراہمی شروع کر دی گئی۔
انہوں نے کہاکہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے صوبہ خیبر پختونخوا کو ایبٹ آباد اور پشاور زونز میں تقسیم کیا گیا ہے اورسستے آٹے کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل کے لئے سو موبائل سٹورز نے کام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سستے آٹے کی فراہمی کا منظم سلسلہ بتدریج پورے صوبے میں پھیلایا جائے گا ۔ایبٹ آباد اور پشاور زون میں 50 ہزار سے زیادہ آٹے کے تھیلے فروخت کیے گئے۔ انہوں نے کہاکہ ایبٹ آباد میں دو روز کے دوران 22 ہزار 70 اور پشاور زون میں 23 ہزار 400 سے زائد سستے آٹے کے تھیلے عوام کو فروخت کئے گئے ۔ 9 جون تک صوبہ خیبرپختونخوا میں آٹے کی فروخت کے عارضی سیل پوائنٹس بھی کام شروع کر دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ 17 جون تک خیبر پختونخوا میں عارضی سیل پوائنٹس کی تعداد بڑھا کر 500 کر دی جائے گی ۔خیبرپختونخوا میں سستے آٹے کی فروخت کے 993 مقامات کی مجموعی تعداد دوہزار سے زائد کی جائے گی ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے غیور عوام سے اپنا وعدہ پورا کر دکھایا ہے ۔صوبے کے بہادر عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے اور 8 سال سے ان کے صوبے میں رکے ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔
style=”display:none;”>