لاہور ہائیکورٹ نے جیل بھرو تحریک کے دوران گرفتار پی ٹی آئی رہنماؤں کی بازیابی اور دوسرے شہروں میں منتقلی کے خلاف درخواستوں پر دلائل کے لیے 3 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ پنجاب حکومت کی رپورٹ کے مطابق مظاہروں سے امن و امان کے ساتھ پی ایس ایل ٹیموں اور غیرملکی کھلاڑیوں کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات میں رکاوٹ ڈالی گئی۔
پنجاب حکومت کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے 9 راہنماؤں سمیت 77 افراد کو ایک ایک ماہ کے لیے تین ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور کی مال روڈ پر مظاہرہ کرنے پر پابندی ہے لیکن تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں نے مال روڈ پر احتجاج کرکے سڑک کو بلاک کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی ، اسد عمر ، مراد راس، اعظم سواتی اور ولید اقبال سمیت 9 رہنماؤں کو ایک ایک مہینے کے لئے نظر بند کیا گیا ہے۔ عدالت نے سرکاری وکیل کو ہائیکورٹ آفس کے ذریعے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت جمعے کے روز مقرر کردی ہے۔
style=”display:none;”>