الیکشن کمیشن نے لاہور کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 167 میں پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان تشدداور فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدار انکوائری کے لیے سی سی پی او لاہور کو ہدایات جاری کردیں۔
لاہور میں میں تشدد اور فائرنگ کے واقعہ کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے سی سی پی او لاہور کو واقعے کی تحقیات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد اور فائرنگ کے واقعے کی تفصیلی انکوائری رپورٹ فوری طور پر مرتب کی جائے۔
الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا ہے کہ تحقیات کے بعد واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت اور فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے اپنے نوٹس میں مزید کہا ہے کہ کارروائی کے دوران کسی بھی فرد کی سیاسی وابستگی کو ملحوظ خاطر نہیں لایا جائے گا اور قانون کے مطابق غیر جانب دارانہ اور شفاف کارروائی کی جائے گی۔
صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ تمام پولیس حکام کو ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی جائیں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا تھا کہ لاہور کے حلقہ پی پی 167 میں ان کے انتخابی دفتر پر ہفتہ کی رات پارٹی کے منحرف رکن نذیر احمد چوہان نے حملہ کیا جب کہ نذیر چوہان نے بھی پی ٹی آئی پر اسی طرح کے الزامات عائد کیے۔
style=”display:none;”>