وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کہتے ہیں وہ طالبان سے مذاکرات کر سکتے ہیں لیکن سیاسی مخالفین کے ساتھ نہیں۔ان کی فاشسٹ سوچ کی وجہ سے پہلے ہی ملک میں تقسیم اور نفرت بڑھ گئی ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان ایک ایسے انا پرست شخص ہیں جو کشمیر کے معاملے پر بھی سیاسی مخالفین کے ساتھ نہیں بیٹھے۔ان کے وزیر انتخابی فریم ورک پر مذاکرات کی باتیں کر رہے ہیں جبکہ وہ خود ابھی تک کنٹینر پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لوگ سیاسی بحران کے خاتمے کے خواہاں ہیں،لیکن عمران خان اپنے مطالبات منوانے کے لئے انتشار کی دھمکیاں دے رہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان کرسی پر بیٹھ کر ہمارے جلد انتخابات کے مطالبے کی مخالفت کرتے تھے لیکن اب حکومت سے نکلنے کے بعد انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عام انتخابات عمران خان اور ان کی ایک جماعت کے مطالبے پر نہیں بلکہ وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کی مرضی کے مطابق اور وقت پر ہوں گے۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ نئے الیکشن کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ وہ کر ر ہے ہیں ، جو 2018 کے متنازعہ الیکشن کے نتیجے میں ملک پر مسلط کیے گئے۔
style=”display:none;”>