سنٹر برائے ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی فلیگ شپ سیمینار بعنوان ’’گلوبل اسٹریٹجک تھریٹ اینڈ ریسپانس‘‘(جی سٹار) کی افتتاحی تقریب بدھ کو ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی تھے۔
ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد پہنچنے پر سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ان کا استقبال کیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے افتتاحی خطاب میں پاک فضائیہ کے علم کے شعبے کو اپنی کارروائیوں میں زیادہ سے زیادہ بروئے کار لانے کے لئے کیے گئے کلیدی اقدامات کو سراہا۔
صدر نے عصرِ حاضر کے اسٹریٹجک مسائل پر فکر انگیز سیمینار کے انعقاد پر سنٹر برائے ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کی انتظامیہ کو سراہا۔ عالمی سیاست کے پیچیدہ مسائل نے طاقت کے روایتی توازن اور سیکیورٹی کے ماحول کو متاثر کیا ہے اور یہ امر قومی ہم آہنگی کے ذریعے مناسب ردعمل کا متقاضی ہے۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی اور دولت کے اشتراک سے طاقت کے نئے مراکز کی تشکیل ہو رہی ہے۔ انہوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ انسانوں کی برابری، انسانی سلامتی کے احترام، نئی ٹیکنالوجی کے استعمال اور امن کے عزم کی بنیاد پر ایک نئی ترتیب کی تعمیر کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں سربراہ پاک فضائیہ نے اپنی استقبالیہ تقریر میں اس بات پر روشنی ڈالی کے بڑی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی دشمنی کے نتیجے میں بین الاقوامی ادارے کمزور ہو رہے ہیں اور روایتی اور غیر روایتی سیکیورٹی کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ نئی ٹیکنالوجی کے تناظر میں، انہوں نے منتخب اشتراک کے خطرناک نتائج اور علاقائی استحکام پر اس کے اثرات کی طرف اشارہ کیا۔
ایئر چیف نے ان ٹیکنالوجیز کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاک فضائیہ کو ایک جدید فورس بنانے کے لیے آپریشنز، صلاحیتوں میں اضافہ، تنظیم اور تربیت سمیت مختلف شعبوں میں اہم اقدامات کے بارے میں سامعین کو آگاہ کیا۔
style=”display:none;”>