چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ آج پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ آرمی چیف ڈیرہ اسماعیل خان اور روجھان میں متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
سیلا ب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا فلڈ ریلیف آپریشن جاری بھی جاری ہے۔ متاثرین کی دادرسی کے لئے خیبر پختونخوا میں آرمی فلڈ کنٹرول ہیلپ لائن 1125 اور دیگر علاقوں کے لئے 1135 کام کر رہی ہے۔ شہری کسی بھی مدد کے لئے ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں آرمی ایوی ایشن ونگ بھی مصروف عمل ہے اور اب تک متاثرین کے انخلا اور راشن کی فراہمی کے لئے آرمی ہیلی کاپٹرز نے 157 پروازیں کی ہیں۔
پاک فوج ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کے دوران متاثرہ علاقوں سے اب تک 50 ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر چکی ہے۔ مختلف میڈیکل کیمپس میں بھی 51 ہزار سے زیادہ مریضوں کا علاج معالجہ اور 2 سے 3 روز کی مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں ۔