کراچی کے علاقے ڈیفنس میں معمولی تلخ کلامی پر پولیس اہلکار کو قتل کرنے والا ملزم سابق ڈپٹی کمشنر کا بیٹا نکلا۔ ملزم خرم نثارکا آبائی گھرڈیفنس فیز 5 میں جائے وقوع کے قریب ہے، پولیس نے ملزم کے گھر چھاپہ مار کر اسلحہ اور دستاویزات برآمد کرلیں جب کہ چوکیدار کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی عرفان بلوچ نے بتایا کہ ملزم خرم نثار بیوی اور دو بچوں کے ساتھ سویڈن کا مستقل رہائشی ہے اور اس کا دوسرا بھائی فیملی کے ساتھ فیصل آباد میں مقیم ہے، واردات میں استعمال گاڑی گھر پر چھوڑ کر ملزم دوسری کار میں فرار ہوگیا ہے جب کہ گھر سے ملے ایک پستول کا فارنزک کرایا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ملزم کے گھر سے ایک پاسپورٹ کی کاپی بھی برآمد ہوئی ہے، ملزم جس گاڑی میں فرار ہوا اس کی تلاش جاری ہے اور اس کے دوستوں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس کے مطابق ائیر پورٹس پر بھی ملزم کی تصاویر اور سفری دستاویزات کی تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں۔
style=”display:none;”>