سیکریٹری فنانس آئندہ سماعت پر پیش ہوکر عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر وضاحت پیش کریں، سندھ ہائی کورٹ
سندھ ہائی کورٹ نے عداالت میں پیش نہ ہونے پر وفاقی سیکریٹری فنانس کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں آئل اینڈ گیس کمپنیوں کی جانب سے مقامی افراد کو ملازمت گیس کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
ایس ایس جی سی نے عدالت کو بتایا کہ دیہی علاقوں کو گیس فراہم کرنے کا 51 فیصد ترقیاتی کام مکمل ہوچکا ہے۔ سال 2022-23 کے لیے وفاقی حکومت سے کوئی فنڈ نہیں ملے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ سیکریٹری فنانس کہاں ہیں؟ دو ماہ کی مہلت دی تھی گیس کی فراہمی سے متعلق کام مکمل کرنے کے لیے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ ایک ہفتے کی مہلت دے دیں جس پر عدالت نے پیش نہ ہونے پر وفاقی سیکریٹری فنانس کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے کہا کہ سیکریٹری فنانس آئندہ سماعت پر پیش ہوکر عدالتی احکامات پر عملدرآمد نا کرنے پر وضاحت پیش کریں۔
معاون وکیل نے کہا کہ عدالتی معاون مخدوم علی خان سپریم کورٹ میں مصروف ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر چیف سیکریٹری سندھ اورصوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو طلب کرلیا۔ وکیل سندھ حکومت نے کہا کہ ڈپٹی ریلیف کے کاموں میں مصروف ہیں لمبی تاریخ دی جائے۔سندھ ہائی کورٹ نے درخواست کی مزید سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی۔
style=”display:none;”>