اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے ہم دس سال قبل آغاز ہونے والے سی پیک منصوبے کےدوسرے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان زراعت اور آئی ٹی کے شعبے میں تعاون سے پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ انتہائی اہمیت کے حامل ایم ایل ون اور کراچی سرکلر کو مل کر کامیاب بنائیں گے۔ پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی دستاویزات پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مختلف شعبوں میں تعاون کی دستاویزات پر دستخط دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کا روڈ میپ ہے۔ سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں زراعت اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے چین کے نائب وزیراعظم ہی لیفینگ کو خصوصی نمائندے کی حیثیت سے پاکستان بھیجنے اور یکجہتی کے اظہار پر صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا۔ اقوام عالم میں پاکستان اور چین کا تعلق منفرد ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ دونوں ملکوں کی دوستی اور تعاون کا یہ رشتہ مزید گہرے سے گہرا ہوتا چلا جا رہا ہے۔ صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا فلیگ شپ منصوبہ سی پیک دوستی کےاس رشتے کا ایک عملی نمونہ ہے۔