ریاض ( خصوصی رپورٹ) سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے اعلان کے بعد تہران آج سعودی عرب میں 8 برس بعد اپنا سفارت خانہ باضابطہ طور پر دوبارہ کھول رہا ہے۔
یہ بات ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران بتائی۔دارالحکومت ریاض میں سفارت خانے کی سابقہ عمارت برسوں سے بند تھی، اسے تزئین و آرائش کے بعد دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ اس حوالے سے تقریب مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے ہوگی اور سعودی عرب کیلئے نامزد سفیر علی رضا عنایتی بھی اس موقع پر موجود ہوں گے ۔ رواں سال 10 مارچ کو ایران اور سعودی عرب نے چین کی ثالثی میں اپنے سفارتخانوں کو دوبارہ کھولنے اور بیس سال سے زائد عرصہ قبل دستخط شدہ اقتصادی اور سیکورٹی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اپریل میں دونوں ملکوں کے درمیان تکنیکی وفود کا تبادلہ ہوا تھا اورسفارت خانوں کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی تھی۔