بلبلِ مہران کے نام سے مشہور گلوکارہ روبینہ قریشی طویل علالت کے باعث کراچی میں انتقال کرگئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق روبینہ قریشی سرطان کے عارضے میں مبتلہ تھیں۔ان کی عمر اکیاسی برس تھی۔روبینہ قریشی کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر کراچی کے عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ادا کی جائے گی۔
روبینہ قریشی کو بچپن سے ہی گائیکی کا بہت شوق تھا۔۔وہ نویں جماعت کی طالب علم تھیں جب ریڈیو پاکستان حیدرآباد میں انہیں گلوکاری کا موقع ملا جہاں انہوں نے اپنا پہلا سندھی گانا ریکارڈ کروایا۔اس گانے سے وہ سندھ بھر میں مقبول ہوگئیں۔اپنی خوبصورت آواز کی وجہ سے انہیں بلبلِ مہران کہا جاتا تھا۔انہوں نے شاہ عبدالطیف بھٹائی، سچل سرمست اور بڈھل فقیر سمیت کئی صوفی شعرا کی شاعری پر گانے گائے جو کافی مقبول ہوئے۔روبینہ قریشی نے سندھی فلموں میں پس پردہ گلوکاری بھی کی۔انیس سو ستر میں وہ معروف فلم اور ٹی وی کے اداکار مصطفیٰ قریشی سے رشتہ ازدوا ج سے منسلک ہوئیں ۔روبینہ قریشی نے اردو، سرائیکی، پنجابی ، پشتو اور بنگالی زبان میں بھی گانے گائے۔ان کی بہترین گائیکی کی وجہ سے انہیں دوہزار اکیس میں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔جبکہ ریڈیو پاکستان کی جانب سے بھی انہیں بہترین گلوکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔اس کے علاوہ بھی انہیں متعدد ایوارڈز ملے۔
style=”display:none;”>