کوئٹہ: پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی اہلیہ اور بھائی کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق پولیس نے گھر پر چھاپہ مار کے قاسم خان سوری کے بھائی کو گرفتار کیا، قاسم سوری گھر پر موجود نہیں تھے، قاسم سوری کے گھر چھاپہ رات گئے مارا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں قاسم سوری کا کہنا تھا کہ پہلے میری اہلیہ کو پی ڈی ایم نے ڈی چوک پر پرامن احتجاج کرتے ہوئے گرفتار کیا اب میرے بھائی بلال خان سوری کو معصوم بچوں اور گھر کی عورتوں کے سامنے گرفتار کر کے متعلقہ تھانے کے بجائے نامعلوم مقام پر لے گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کی بد ترین فسطائیت پاکستان میں جاری ہے، جیت پھر بھی حق کی ہوگی اور باطل کو زوال ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے قاسم سوری کے بھائی سمیت شہر بھر سے 11 افراد کو گرفتار کیا ہے، گرفتار ہونے والوں میں ناصر آغا ایڈووکیٹ، محمد شریف، سلطان فاروق شامل ہیں، حمیداللہ، طیب، سید اسراراللہ، مصطفیٰ، سید خلیل، مبشر اور قیام الدین بھی گرفتار ہونے والوں میں شامل ہیں۔