گوجرانوالہ( خصوصی رپورٹ) سابق وزیر اعلی پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی کو دو مقدمات میں رہائی کے فوری بعد ایک اور مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی کو پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ہفتہ کی شام گوجرانوالہ کی عدالت نے چودھری پرویز الہٰی کو بری کرنے کا حکم دیا تھا۔پرویز الہٰی کو 2 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے الزام میں گوجرانوالہ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ عدالت نے پرویز الہٰی کو بری کرنے کا حکم سنایا تھا۔ پی ٹی آئی کے صدر چودھری پرویز الہٰی کے خلاف گوجرانوالہ کے تھانہ اینٹی کرپشن میں 2 مقدمات درج تھے۔دونوں ایف آئی آرز میں گجرات میں سڑکوں کی تعمیر کے ٹھیکوں میں کِک بیکس کے الزامات تھے۔مقدمہ نمبر 6/23 میں الزام تھا کہ پل بنیاں سے چھتاں والا تک 10 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے سڑک تعمیر ہوئی، سڑک تعمیر کا ٹھیکہ دینے کے عوض 50 لاکھ روپے رشوت لی گئی۔مقدمہ نمبر 7/23 میں الزام تھا کہ گجرات پرانا جی ٹی روڈ سے لکھن وال تک 10 ارب روپے کی لاگت سے سڑک تعمیر ہوئی، سڑک کی تعمیر کا ٹھیکہ دینے کے عوض 2 ارب روپے رشوت لی گئی۔