انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں شروع ہونے والے گیارہویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پہلے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا ۔ دو روایتی حریفوں کے درمیان کھیلے گئے اس میچ کے پہلے کوارٹر میں انڈیا نے تیسرے پنیلٹی کارنر پر سلوا کارتھی کے گول کے ذریعے سبقت حاصل کرلی تھی۔ یہ کارتھی کا پہلا انٹرنیشنل میچ بھی تھا۔
دوسرے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم کو میچ برابر کرنے کے دو مواقع ملے لیکن وہ ان سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ جبکہ تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستان کے افراز اور اعجاز نے گول کرنے کے مواقع ضائع کر دیئے۔
دوسری جانب انڈیا کی ٹیم نے دباؤ قائم کرتے ہوئے چار پنیلٹی کارنرز حاصل کیے لیکن وہ بھی ضائع گئے۔
پاکستانی ٹیم نے میچ ختم ہونے سے کچھ دیر قبل گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ یہ گول پنیلٹی کارنر کے ری باؤنڈ پر رانا عبدالوحید نے کیا۔
اس میچ میں انڈین ٹیم نے آٹھ پنیلٹی کارنرز حاصل کیے جن پر وہ ایک گول کر سکی جبکہ پاکستانی ٹیم کو چار پنیلٹی کارنرز ملےجن میں سے ایک کے ری باؤنڈ پر وہ گول کرنے میں کامیاب ہو سکی۔
پہلے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں جاپان نے انڈونیشیا کو صفر کے مقابلے میں نو گول سے ہرا دیا۔ ملائشیا نے عمان کو سات صفر سے شکست دی جبکہ جنوبی کوریا نے بنگلہ دیش کے خلاف چھ ایک سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ آج انڈونیشیا کے خلاف کھیلے گی۔ ایشیا کپ میں حصہ لینے والی پاکستان اور انڈیا کی ٹیموں میں زیادہ تر نئے کھلاڑی شامل ہیں۔
انڈیا نے اس ٹورنامنٹ کے لیے جس ٹیم کا انتخاب کیا ہے اس میں دس کھلاڑی ایسے ہیں جو اس سے قبل انٹرنیشنل ہاکی نہیں کھیلے۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ ہیں جبکہ ہیڈکوچ ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے ایکمین ہیں۔
style=”display:none;”>