کوئٹہ(خصوصی رپورٹ) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ‘ایف سی کیمپ’ میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا ہے۔ اس سارے آپریشن میں 7 جوان شہید ہوئے جبکہ 6 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
گذشتہ روز شمالی بلوچستان کےعلاقے مسلم باغ میں واقع ایف سی کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان دہشتگردوں کوایک عمارت میں محدود کرکے عمارت کا محاصرہ کرلیا گیا تھا۔ کور کمانڈرکوئٹہ، مسلم باغ آپریشن کی خود نگرانی کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کا مسلم باغ میں کلیئرنس آپریشن اب مکمل ہوگیا ہے۔ اس آپریشن میں ایک شہری سمیت وطن کے 7 سپوت شہید ہوئے ہیں، جبکہ تمام 6 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ اس سارے عمل میں ایک خاتون سمیت 6 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔