کراچی: قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں شکست دے کر عالمی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
کراچی میں ہونے والے پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 102 رنز سے باآسانی شکست دی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں فتح حاصل کرنے والے بعد عالمی ٹیبل پوائنٹس پر پاکستانی ٹیم 113 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر آگئی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آسٹریلیا اور بھارت ہیں۔
آئی سی سی پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 113.483 کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا 113.286 کے ساتھ دوسرے جبکہ بھارت 112.683 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان ون ڈے کی عالمی ریکنگ میں پہلی پوزیشن پر آیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تاریخی کامیابی پر ٹیم اور قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کپتان بابراعظم، پوری ٹیم اور کوچنگ اسٹاف اس اہم موقع پر مبارک باد کے مستحق ہیں، مجھے ٹیم پر فخر ہے اور اس کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہاہے کہ ون ڈے رینکنگ میں قومی ٹیم کے نمبر ایک بننے پر اللہ کا شکر ادا کرتاہوں ، یہ ٹیم کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے ، ہم نے نمبر ون بننے کے لیے محنت کی تھی اور آج یہ منزل حاصل کرلی جس کا سارا کریڈٹ لڑکوں کو جاتا ہے ۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا سفر اچھا رہاہے ، اس کی بہت سی یادیں ہیں ، اس دوران اونچ نیچ کاسلسلہ بھی جا ری رہا ،پی سی بی اور فیملی نے بہت سپورٹ کیا ۔
میچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ پچ شروع میں کافی اچھی تھی مجھے لگ رہا تھا کہ تین سو سے زیادہ کا ہدف دے دیں گے آخری اوور میں شاہین آفریدی نے امید سے بھی زیادہ اچھا کھیل کر سکور بڑھا دیا۔