اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کیس میں 14 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جس پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔
نیب کی جانب سے عدالت میں عمران خان کی گرفتاری کی وجوہات پیش کردی گئیں۔ دوران سماعت عمران خان کے وکیل خواجہ حارث، علی بخاری اور بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے اور عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔ محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج نے نیب کو حکم دیا کہ عمران خان کو 17 مئی کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گزشتہ روز نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے رینجرز کی مدد سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت کئی شہروں میں جلاؤ گھیراؤ کے بعد شدید ہنگامہ آرائی جاری رہی جب کہ کئی مقامات پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے مابین جھڑپیں بھی ہوتی رہیں۔
آج صبح پی ٹی آئی کے سابق گورنر پنجاب کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا جب کہ پارٹی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کو بھی اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔