لاہور: نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبے میں ”مفت آٹا اسکیم“ پر پر ن لیگی رہنماؤں کی جانب سے کرپشن الزامات کے بعد آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ مفت آٹا اسکیم سے متعلق مسلم لیگ ن کے بعض رہنمائوں کے الزامات بے بنیاد ہیں،شفافیت اور مالیاتی احتیاط کے مفاد میں پروگرا م آزاد آڈٹ کے لیے پیش کیاجا رہاہے ۔
انہوں نےکہا کہ الزامات کے بعد ہم نے آڈیٹر جنرل پاکستان کے دفتر کے ذریعے فوری آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اور ساتھ ہی ساتھ بین الاقوامی شہرت کی ایک نجی آڈٹ فرم کے ذریعے بھی آڈٹ کر ایا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ مفت آٹا اسکیم کی شفافیت پرانگلی اُٹھی اس لیے آڈٹ کراناضروری ہے، اسکیم کا آڈٹ قومی اور بین الاقوامی نجی آڈٹ فرم سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھاکہ چیئرمین نیب کوبھی درخواست بھیجی ہےکہ پروگرام کی جانچ پڑتال کریں، آڈٹ میں کوئی بےضابطگی پائی گی تو قانون اپنا راستہ خود اپنائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے الزام لگایا تھا کہ حکومت کی مفت آٹا اسکیم میں 20 ارب روپے سے زائد کی چوری ہوئی ہے۔