صدر مملکت، ڈاکٹر عارف علوی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستانی قوم اور عالم اسلام کے لئے مبارک باد کا ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
— صدر مملکت کے پیغام کا متن درج ذیل ہے:
ڈاکٹر عارف علوی
صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان
کا عید الاضحٰی ۱۴۴۳ھ کے موقع پر قوم کے نام پیغام
٭٭٭
میں عید الاضحٰی کے مبارک اور پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعاگو ہوں کہ وہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات، حج اور قربانیاں قبول فرمائے۔آمین!
عیدالاضحٰی ہمیں اللہ تعالیٰ کے حکم پر حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کی تسلیم ورضا کی یاد دلاتی ہے ۔ ان عظیم شخصیات کو اللہ تعالی ٰنے جب امتحان سے گزارا تو دونوں نے اللہ کے حکم پر سر تسلیم خم کر دیا۔ اللہ تعالٰی کوان کا یہ جذبہ اس قدر پسند آیا کہ اسے قیامت تک ایمان والوں کے لئے عبادت کی حیثیت سے لازم قرار دے دیا۔ گویا کہ قربانی کی یہ عبادت اللہ تعالی کی بارگاہ میں مومن بندے کی طرف سے اس عزم کا اظہار ہے کہ اس کی راہ میں بڑی سے بڑی قربانی اور ایثار کے لیے وہ ہمہ وقت تیار ہے۔
قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی تاثیر کا حامل ہے ۔ دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔ قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ اس کا اصل مقصد نفسانی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔یہ جذبہ انسان میں ایسی صلاحیت کو جنم دیتا ہے کہ جس کی بدولت وہ بڑی سے بڑی مشکل صورت حال میں بھی راہ ِراست سے نہیں بھٹکتا۔
وطن عزیز معاشی لحاظ سے جن مشکل حالات سے دوچارہے اس میں ہمیں ایثار اور قربانی جیسے جذبات کو بروئے کار لانے کی اشد ضرورت ہے۔ عید الاضحٰی کے اس موقع پر پوری پاکستانی قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم ذاتی مفاد، حرص، طمع ولالچ اور خود غرضی کی بجائے آخوت، ایثار، محبت اور غم خواری سے سرشار ہو کر اپنے ارد گرد ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کریں اور آزمائش کی اس گھڑی میں مضبوط قوم بن کر ابھریں گے۔
اللہ تعالی ہم سب کا حامی وناصر ہو۔
آمین !
style=”display:none;”>