صدر عارف علوی کی زیرصدارت ایوانِ صدر میں بجلی کی بچت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صدر مملکت نے گرین پریذیڈنسی منصوبے کے تحت بجلی، پانی اور گیس کی بچت کے اقدامات پر اظہار ِ اطمینان کیا ہے۔ صدر کو بتایا گیا کہ ایوانِ صدر نے توانائی کی مد میں گزشتہ دو سالوں میں 10 کروڑ 80لاکھ روپے کی بچت کی۔
اس پر صدر مملکت نے کہا کہ ایوانِ صدر گرین منصوبہ پورے ملک کے لئے ایک بہترین مثال ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایوانِ صدر مکمل طور پر ایک میگا واٹ کے شمسی توانائی کے منصوبے پر چل رہا ہے ۔ ایوانِ صدر نے اپنی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ 1 لاکھ 12 ہزار یونٹس قومی گرڈ میں دیے ۔
ایوانِ صدر نے دنیا کے پہلے آئی ایس او 50001سند شدہ صدارتی دفتر کے طور پر بین الاقوامی شناخت حاصل کی۔
عارف علوی نے کہا کہ توانائی کے مسائل اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرناک اثرات سے نمٹنے کیلئے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
صدر مملکت نے تمام گورنر ہاؤسز، یونیورسٹیز اور محتسب کے دفاتر کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لئے عملی اقدامات کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری بھی اپنے کاروبار اور صنعتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کریں ۔
ایوانِ صدر میں غیر استعمال شدہ الیکٹرانکس بند رکھنے ، اے سی 26 ڈگری پر چلانے اور پانی کی بچت کے حوالے سے مزید بہتری لائی جائے گی۔
style=”display:none;”>