راولپنڈی( پ ر)بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 60 سالہ شخص غیاث شہید ہوگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے کھیتوں میں گھاس کاٹنے والی تین خواتین بھی زخمی ہوئیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی کھلم کھلا جارحیت موجودہ سیزفائر معاہدے کی واضح خلاف ورزی ہے، پاکستان اپنی سرحدوں پر امن و سکون کا خواہاں ہے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے، پاکستانی عوام کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔