پشاور( پ ر)نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے صوبے کے بعض علاقوں خصوصاً چارسدہ میں گھریلو صارفین کے لئے سوئی گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سوئی ناردرن گیس اور پیسکو حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنے اور اس سلسلے میں گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھائے جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کے روز سوئی ناردرن گیس اور پیسکو حکام سے گفتگو کرتے ہوئے جاری کیں جنہوں نے ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبے خصوصاً چارسدہ میں گھریلو صارفین کے لئے بجلی اور سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے بعض مقامات خصوصاً نواحی علاقوں میں گھریلو صارفین کو بجلی اور سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ درپیش ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سوئی ناردرن گیس اور پیسکو حکام نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ صوبے اور خصوصاً ضلع چارسدہ میں گھریلو صارفین کو سوئی گیس اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور اگلے چند دنوں میں صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔