کراچی : سماجی کارکن جبران ناصر گھر واپس پہنچ گئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیم کچھ دیر بعد جبران ناصر سے ملاقات کرے گی۔ جیو نیو زکے مطابق سماجی کارکن جبران ناصر آج اپنے گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔ جبران ناصر کے مقدمے میں نامعلوم افراد پر اغواء کا الزام تھا۔ سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں بتایا کہ مذکورہ عمل قانون کی حکمرانی کی آزادی کو نقصان پہنچانے اور قانونی برادری کو خوفزدہ کرنے کے لیے شمار کیا جاتا ہے۔
ایس ایچ سی بی اے نے پولیس اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کی تحقیقات کرکے مجرموں کو گرفتار کریں اور جبران ناصر کو جلد از جلد بازیاب کرائیں۔ اسی طرح وزیراعلیٰ سندھ نے بھی جبران ناصر ایڈووکیٹ کی گمشدگی کی رپورٹ طلب کی تھی۔
سید مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو جبران ناصر جلد کی بازیابی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی تھی۔ یاد رہے گذشتہ شب معروف سماجی کارکن جبران ناصر کی اہلیہ نے دعوی کیا کہ ان کے شوہر کو حراست میں لے لیا گیا۔
انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ کچھ دیر پہلے میرے شوہر جبران ناصر کو پندرہ کے قریب مسلح لوگ اٹھا کر لے گئے ہیں۔ جبران ناصرکی اہلیہ منشا پاشا نے شوہر کے مبینہ اغوا پر اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کرادی۔ پولیس کے مطابق جبران ناصر کی اہلیہ منشا پاشا نے درخواست کلفٹن تھانے میں جمع کرائی ہے۔