لاہور( خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت نے جڑانوالہ واقعہ کی فوری طور پر اعلیٰ سطح انکوائری کا حکم دے دیا۔ ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی جس کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزموں کی گرفتاری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق امن کمیٹی کو فوری طور پر متحرک کیا گیا ہے۔ امن کمیٹی اور تمام جماعتوں کے ارکان نے اس واقعے کی مذمت کی اور اس کے ساتھ ساتھ یقین دہانی کرائی کہ کوئی بھی جماعت کسی کی پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کے حق میں نہیں ہے۔ ترجمان نے کہاکہ پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے سو سے زائد لوگوں کو گرفتار کیا، تمام ویڈیو فوٹیجز موجود ہیں۔ سائنٹفک طریقے کے ساتھ ان کی تفتیش جاری ہے۔ضلعی انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کر لیاہے ۔ پولیس کی بھاری نفری مختلف جگہوں پر موجود ہےاور اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ، امن کمیٹی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر امن کو یقینی بنائے ہوئے ہے۔ پورے پنجاب میں ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کی میٹنگز کی گئی ہیں ۔ حکومت پنجاب اور اس کے تمام ادارے متحرک ہیں۔